صفدرآباد(نامہ نگار)مدنی محلہ کے قریب ریلوے اسٹیشن کے ویسٹ جانب چار ایکڑ ریلوے کی جگہ پر شاندار پارک کی تعمیر کی جائے،شہریوں کا مطالبہ۔ڈیلی بزنس رپورٹ سے ملاقات میں شہریوں ملک بشیر احمد شاہد چیئرمین انجمن تاجراں انارکلی بازار،اویس بھٹی سماجی کارکن،میاں عرفان الیاس،ملک تنویر شاہد،بلال احمد،حسنین رضا،ولید احمد اور احتشام احمد ملک نے کہا کہ مدنی محلہ کے قریب ریلوے کی تقریباً 4 ایکڑ اراضی بالکل خالی پڑی ہوئی ہے جس پر ریلوے حکام نے کوئی پراجیکٹ وغیرہ عرصہ100 سال سے شروع نہیں کیا نہ ہی مستقبل میںاس کی کوئی امید ہے۔یہ جگہ خالی پڑی ہوئی ہے جس کی شکل بگڑکر جوہڑوں میں تبدیل ہو رہی ہے،شہریوں نے اس جگہ کے متعلق ایک تجویز دی ہے کہ یہاں ایک عظیم الشان عوامی پارک بنایا جائے جو شہریوںکی تفریح کا سبب بنے۔ڈیلی بزنس رپورٹ کی وساطت سے وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی توجہ اس جانب مبذول کروانا مقصود ہے کہ آپ جہاں اتنے بڑے بڑے منصوبے عوامی کی سہولت کے لئے کامیابی سے کروا رہے ہیں وہاں اتنی سی مہربانی فرمادیںکہ صفدرآباد ریلوے اسٹیشن کے قریب چار ایکڑ اراضی پر شاندار پبلک پارک تعمیر کرنے کے احکامات صادر فرمادیں ۔لوگ آپ کو رہتی دنیا تک دعائیں دیتے رہیں گے۔ویسے بھی اس جگہ پر سارا دن کھوتے گھوڑے پھرتے رہتے ہیں ،پیشاب کرتے رہتے ہیں جس سے بدبو اور تعفن پیدا ہو رہا ہے ،اس جگہ پر جوہڑ بنتے جا رہے ہیںجو مستقبل میںریلوے اور عوام کے لئے ایک مصیبت کا باعث بن سکتے ہیں۔ریلوے کی یہ جگہ سراسر بیکار پڑی ہوئی ہے۔




