فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)یزیدی فکراور کردار کو ختم کرنے کیلئے ہمیں آج شہدائے کربلا کی تعلیمات کو اپنانا ہو گا۔ اسلام اور پا کستان کے تحفظ کیلئے ہمیں میدان عمل میں اتر کر حسینی کردارکو رول ماڈل بنانا ہوگا۔ امام الشہدا سیدنا حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا فلسفہ شہادت نہ صرف مسلمانوں بلکہ ساری انسانیت کے لئے ایک دستور حیات کی حیثیت رکھتا ہے۔ان خیالات کا اظہار مرکزی کوار ڈینیٹر(پولییٹکل ونگ) و ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے جامع مسجد دار رحمت میں منعقدہ محفل ذکر سید الشہدا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا صبر ، ایثار،قربانیوں اور اہل بیت کے اتحادکی عظیم مثال ہے۔حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ نے نظام شریعت کے احیا و تحفظ کے لئے یزیدی قوتوں سے ٹکرا کر اسلام کے پرچم کو بلند کیا۔کربلا کے جانثاروں کی لازوال قربانیاں حکمرانوں سے لے کر عام آدمی کے لیے مشعل راہ ہیں۔ کربلا کی زمین پر حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنا خون گرا کر حق وباطل کے درمیان قیامت تک کے لیے لکیرکھینچ دی۔ شہادت حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کا سبق یہ ہے کہ نیکی کی تبلیغ کرنا اور برائی سے روکنا ہر مسلمان کا مذہبی فریضہ ہے۔مسلمانوں کی ترقی و کامیابی کا رازحسینی تعلیمات میں پوشیدہ ہے۔ مغرب کا مقابلہ کرنے کے لیے پیغام حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ سے رہنمائی لینا ہوگی۔




