ساہیوال(بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژ ن ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کے ہمراہ فریدیہ پارک، یادگار پارک، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ریڈنگ کارنر لائبریری، انڈر گراؤنڈ واٹراسٹوریج ٹینک اور جنرل بس اسٹینڈ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے منصوبوں کے مختلف مراحل پر بریفنگ دیتے ہوئے جاری پیش رفت سے آگاہ کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کی جائے اور انہیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے۔ تعمیراتی کام میں معیاری میٹریل کا استعمال اور حفاظتی اقدامات کی پابندی یقینی بنائی جائے۔فریدیہ پارک میں زیر تعمیر ریڈنگ کارنر لائبریری کے معائنے کے دوران کمشنر نے منصوبے کی جلد تکمیل کی ضرورت پر زور دیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائبریری کی تکمیل سے طلبہ اور نوجوانوں کو مطالعہ اور تحقیق کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔بعد ازاں کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ ویٹنگ ایریا، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر سہولیات کی تعمیر اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور متعلقہ ادارے اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔




