ا سلام آباد (بیورو چیف)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے اجلاس میں ملک بھر میں موبائل سروس کے معیار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا۔اجلاس کی صدارت رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کی جبکہ کمیٹی ارکان نے مختلف شہروں میں ناقص موبائل سروس پر کھل کر تنقید کی۔ رکن کمیٹی مہیش کمار کا کہنا تھا کہ ملک میں موبائل سروس کی صورتحال انتہائی خراب ہو چکی ہے، پنجاب میں بھی حالات بہتر نہیں جبکہ سندھ میں صورتحال مزید ابتر ہے۔ کمیٹی رکن صادق میمن نے کہا کہ اسلام آباد اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں بھی کالز کا معیار غیر تسلی بخش ہے جبکہ کراچی میں بعض نیٹ ورکس کی سروس انتہائی ناقص ہے۔اجلاس کے دوران وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مسائل موجود ہیں لیکن یہ بنیادی نوعیت کے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں صارفین کی اوسط ماہانہ خرچ بہت کم ہے، ڈیٹا کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔




