لاہور( بیورو چیف) گورنر پنجاب سردارسلیم حیدرخان سے گورنر ہائوس لاہور میںنئے تعینات ہونیوالے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے آئی جی پریزن کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔آئی جی جیل خانہ جات نے گورنر پنجاب کو قیدیوں کو جیل میں فراہم کی جانیوا لی سہولیات پر بریفنگ دی۔گورنرپنجاب سردارسلیم حیدرخان نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیلوں میں سزا کاٹنے والے قیدی بنیادی انسانی حقو ق کے مستحق ہیں کیونکہ وہ قیدی مجرم ہونے کیساتھ ساتھ انسان بھی ہیں۔ قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کاکار آمد شہری بنانے کیلئے خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔جیلوں میں قیدیوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن وسائل کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کوسزاکے دوران کی اخلاقی تربیت کے ساتھ ساتھ انہیں مختلف ٹیکنیکل کورسز بھی کرائے جائیں تاکہ رہا ئی کے بعدوہ اپنی روزی کما سکیں۔گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ جیل کے ماحول کو صاف ستھرا اور پر امن بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔قیدیوں کی صحت کے لئے طبی سہولیات کا ہونا ضروری ہے۔جیل میں بدنظمی اور افراتفری پھیلانے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔




