فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) بااثر شخص نے پیسوں کا لالچ دیکر نابینا شہری کی بیٹی سے شادی کرنے کے بعد ہوس پوری ہونے پر گھر سے نکال دیا، تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں اور پولیس سے سازباز کر کے بیوی کے بھائیوں کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا، پولیس نے متاثرہ خاتون کی درخواست پر 354′ 509 ت پ کے تحت ملزم بشارت علی ڈوگر کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔ ہمایوں نگر کی رہائشی رمشا رمضان نے پولیس رپورٹ میں بتایا کہ اس کا والد رمضان نابینا ہے اور غریب لوگ ہیں، سوا سال قبل اس کے والد کے عزیز مصطفی کے کہنے پر بااثر شخص شریف پورہ کے بشارت علی ڈوگر نے سبز باغ دکھا کر شادی کر لی اور کچھ عرصہ اپنے پاس رکھا اور ہوس کا نشانہ بناتا رہا۔ حاملہ ہونے پر تشدد کا نشانہ بناتا اور تیزاب پھینکنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے گھر سے نکال دیا، میکے آ گئی جہاں پر اس کے ہاں بیٹا پیدا ہوا تو ملزم بچے کا خرچہ بھی دینے سے انکاری ہو گیا۔




