واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا کے محکمہ دفاع (پینٹاگون)نے پیٹریاٹ اور تھاڈ میزائل دفاعی نظام کی پیداوار میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے دفاعی کمپنیوں لاک ہیڈ مارٹن اور نارتھروپ گرومن کے ساتھ فریم ورک معاہدہ کر لیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق معاہدے کے تحت PAC-3پیٹریاٹ اور تھاڈ انٹرسیپٹر میزائلوں کے پرزہ جات کی پیداوار میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔ پینٹاگون نے دفاعی کمپنیوں کو پیداوار تیز کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق مشرق وسطی اور یوکرین میں جاری تنازعات کے باعث امریکی میزائل ذخائر دبا کا شکار ہیں، جس کے پیش نظر امریکی میزائل دفاعی نظام کی استعداد بڑھانے کے لیے نئے اقدامات شروع کیے گئے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بڑھتے ہوئے عالمی تنازعات کے تناظر میں امریکا نے اپنی دفاعی پیداوار میں توسیع کا عمل تیز کر دیا ہے۔




