فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صوبائی نائب صدر چوھدر ی ارشد جٹ نے کہاکہ ہماری جماعت پیپلز پارٹی آج بھی جمہوریت کی بقاکی جنگ لڑ رہی ہے قائدعوام بھٹو کے لخت جگر شہیدمیر شاہ نواز بھٹو ایک نڈر اور دلیر لیڈر تھے ،انکی شہادت سے بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا،انکی قومی اور جمہوری خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ہمارا ملک انتہائی نازک حالات اور طوفانی بارشوں کا شکار ہے ہمیں ملک و قوم سے سچی وفا نبھانی ہو گی ہماری جماعت پیپلز پارٹی نے جمہوریت کے حق میں اورآمریت کیخلاف جنگ لڑی،1977سے جمہوریت کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملک میں حقیقی جمہوریت کی خالق جماعت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید میر شاہ نواز بھٹو کی41ویں برسی کے موقع پر بھٹو خاندان کی جمہوریت کیلئے دی جانے والی گراں قدر قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صوبائی نائب صدر چوھدری ارشد جٹ نے کہاکہ آج پاکستان میں سب سے بڑا حکمران اتحاد قائم ہے۔ انہیں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کردار ادا کرناہوگا۔انہوں نے کہاکہ امن اور معاشی خوش حالی کسی بھی ریاست کے استحکام کیلئے لازم ہے، آئین سازی منتخب عوامی نمائندے کریں گے، خارجہ پالیسی ہمیشہ ملک اور اس کے مفادات کے مطابق بنائی جاتی ہے۔




