چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں جاری ترقیا تی منصوبوں پر ہونیوالی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید نے مختلف ترقیاتی سکیموں، ان کی تکمیل کی رفتار، مالی و فنی پیش رفت اور درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر محکمہ ہائی ویز، بلڈنگز، ہیلتھ، ایجوکیشن اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور عوامی مفاد کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری سکیموں کی باقاعدہ نگرانی کی جائے، درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور ترقیاتی فنڈز کا شفاف اور موثر استعمال یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق تمام ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ عوام کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اجلاس کے اختتام پر مختلف منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو کارکردگی مزید بہتر بنانے اور کام کی رفتار تیز کرنے کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کی گئیں۔




