لاہور (بیوروچیف) پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران 24ہزار سے زائد شہریوں نے مختلف لائسنسنگ سہولیات سے استفادہ کیا۔ترجمان کے مطابق اس دوران 9 ہزار سے زائد شہریوں نے لرننگ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا، جبکہ8ہزار سے زائد افراد نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس بنوائے۔ اسی عرصے میں8ہزار سے زائد شہریوں نے اپنے ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید بھی کروائی۔ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے حوالے سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب بھر میں 43ہزار سے زائد ٹریفک خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کی گئیں۔ترجمان کے مطابق بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 2 ہزار سے زائد افراد کے چالان کیے گئے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی، جبکہ 11ہزار سے زائد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔اسی طرح لین لائن کی خلاف ورزی پر7 ہزار 400سے زائد گاڑیوں کو جرمانے کیے گئے۔، جبکہ اوورلوڈنگ پر 3 ہزار 800 سے زائد گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں پر 4 ہزار سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بند بھی کیا گیا۔ہیڈ آف ٹریفک پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی 100 فیصد پاسداری یقینی بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جبکہ شہری بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر عمل کریں۔




