چنیوٹ(نامہ نگار)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے سرگودھا روڈ کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے سڑک کی حالت، بارشی پانی کی نکاسی اور شہری سہولیات سے متعلق جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ایکسین ہائی ویز محمد احمد، ایم ڈی واسا محمد رفیع، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی محمد عارف، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات کا معائنہ کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو باہمی رابطے کیساتھ مسائل کے مستقل حل کے لیے مثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے سرگودھا روڈ پر بارشی پانی کی نکاسی کے دیرپا اور مثر نظام کی تشکیل پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈرینوں اور نالوں کی باقاعدگی سے صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ مون سون کے دوران پانی جمع ہونے کی شکایات کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ بارش کے دوران اور بعد میں پانی کی بروقت نکاسی کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت متحرک رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سڑک کی بہتری، نکاسی آب اور صفائی سے متعلق تمام ترقیاتی و انتظامی امور کو مقررہ معیار اور بروقت مکمل کیا جائے۔




