مختلف شاہرائوں پر سفر کرنے والوں کیلئے ٹریفک ایڈوائزری

لاہور( بیورو چیف) موٹروے پولیس نے مختلف شاہراہوں پر سفر کرنیوالے شہریوں کے لیے اہم ٹر یفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے بعض مقامات پر مسافر بردار گاڑیوں کے داخلے پر عارضی پابندی اور ٹریفک کا رخ موڑنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے ایم-1پر چارسدہ کے قریب کلومیٹر 504پر شدید بارش کے باعث مسافر بردار گاڑیوں کا داخلہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر سے قبل موسم اور ٹریفک کی صورتحال سے آگاہی حاصل کریں اور احتیاط سے ڈرائیونگ کریں۔ دوسری جانب ای-35 ہزارہ موٹروے پر ہائی وولٹیج بجلی کی لائن کی مرمت کے باعث مختلف مقامات پر ٹریفک کا رخ تبدیل کر دیا گیا ہے۔موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ 96کلومیٹر جنوبی سمت (مین)، 95کلومیٹر جنوبی سمت بیدڑہ اور 84کلومیٹر شمالی سمت قلندرآباد کے قریب ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ مرمتی کام محفوظ انداز میں مکمل کیا جا سکے۔موٹروے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، جاری کردہ ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں اور کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستوں کا انتخاب کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں