سرگودھا(بیورو چیف) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے 20 سے 24 جولائی کے دوران مون سون بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی حفاظتی انتظاما ت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کی ہدایات کے مطابق ریسکیو 1122، واسا، میونسپل اداروں اور دیگر متعلقہ محکمے ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام نالوں، ڈرینز اور نکاسی آب کے نظام کو ہر وقت فعال رکھا جائے تاکہ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی ایمرجنسی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال جبکہ تمام افسران اور متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں، مشینری اور دیگر ضروری وسائل ہر وقت تیار رکھے جائیں اور نشیبی علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری طور پر ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور زیر آب سڑکوں کا رخ نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہری بجلی کے کھمبوں، کھلے مین ہولز، نشیبی علاقوں اور جمع شدہ پانی سے بھی محفوظ فاصلہ رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی اداروں سے مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی رابطہ موثر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شکایت کی صورت میں شہری واسا ہیلپ لائن 1334، ڈپٹی کمشنر کنٹرول روم 0489230043اور ڈی ڈی ایم اے واٹس ایپ نمبر 03079600051 پر فوری رابطہ کر سکتے ہیں۔




