منشیات اسمگلنگ میں ملوث اشتہاری گرفتار

جڑانوالہ(نامہ نگار) انسانی اسمگلنگ اور عمرہ زائرین کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کیس میں مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا،تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے فیصل آباد زون ثاقب سلطان اور ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد طارق محمود کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ اور منشیات اسمگلنگ کے سنگین مقدمہ میں ملوث اشتہاری ملزم گل نواز کو پشاور کے علاقے سے گرفتار کر لیا ہے مقدمہ ابتدائی طور پر انکوائری نمبر 1909/2024سے شروع ہوا،جس میں انکشاف ہوا کہ ملزمان صدام حسین،اسرار احمد خان اور گل نواز نے باہمی ملی بھگت سے جڑانوالہ کے معصوم اور سادہ لوح شہریوں کو عمرہ کی ادائیگی کیلئے صرف 50,000روپے فی کس کے عوض ترغیب دی،جبکہ باقی اخراجات خود برداشت کرنے کا جھانسہ دیا گیا تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے عمرہ زائرین کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تحائف کے نام پر پیکجز فراہم کیے اور انہیں ہدایت دی کہ یہ پیکٹس سعودی عرب میں ایک نامعلوم شخص کے حوالے کر دیے جائیں۔ تاہم جب زائرین جدہ ایئرپورٹ پہنچے تو سعودی حکام نے ان پیکجز کی تلاشی کے دوران ان میں سے آئس (میٹھا/میتھ ایمفیٹامین)برآمد کی، جس پر بے گناہ زائرین کو گرفتار کر کے سعودی عرب میں مقدمات کا سامنا کرنا پڑا اور انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی۔انکوائری سے یہ بھی ثابت ہوا کہ ملزمان نے نہایت مکاری اور دھوکہ دہی سے زائرین کو بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے لیے بطور کیریئر استعمال کیا، جو کہ انسانی اسمگلنگ برائے جبری مشقت (Compelled Labour through Fraud) کے زمرے میں آتا ہے،چنانچہ ایف آئی آر نمبر 32/2025 بجرم دفعات 3/4 پریوینشن آف ٹریفکنگ اِن پرسنز ایکٹ 2018 اور دفعہ 406 تعزیرات پاکستان کے تحت درج کی گئی، دورانِ تفتیش ملزم گل نواز روپوش ہو گیا تھا جسے عدالت کی جانب سے اشتہاری قرار دیا گیا۔ ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد نے پیشہ ورانہ مہارت، جدید انٹیلی جنس ذرائع اور مسلسل کاوشوں کے ذریعے ملزم کا سراغ لگا کر اسے پشاور سے گرفتار کر لیا یہ کارروائی ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی غیر معمولی کارکردگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور بین الصوبائی سطح پر موثر کارروائی کی عکاس ہے۔ سرکل کی ٹیم نے نہ صرف ایک خطرناک اشتہاری ملزم کو گرفتار کیا بلکہ ایک منظم بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورک کو بے نقاب کرنے میں بھی اہم پیش رفت کی ہے ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل فیصل آباد کی یہ کامیابی اس عزم کا مظہر ہے کہ ادارہ انسانی اسمگلنگ،منشیات کی ترسیل، اور معصوم شہریوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھے گامزید تفتیش جاری ہے اور دیگر مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ اس گھنائونے نیٹ ورک کے تمام کرداروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں