اسلام آباد (بیورو چیف)جمعیت علمائے اسلام (ف)نے چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیاہے ،ستمبر ،اکتوبر اور نومبر 2026 میں بڑے اجتماعات ہونگے جس سے مولانا فضل الرحمان اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کرینگے۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ اور صوبائی امراء اور نظما کا اہم اجلاس مولانا فضل الرحما ن کی صدارت میں اسلام آباد میں ہوا،اجلاس میں طویل غور وخوض کے بعد اہم فیصلے کئے گئے ۔ ترجما ن کے مطابق جمعیت علماء اسلام پاکستان کی مرکزی مجلس عمومی کا دوروزہ دستوری اجلاس 19،20 ستمبر 2026 کو ہوگا۔انہوںنے کہاکہ چاروں صوبوں میں ورکرز کنونشن کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا جس سے مولانا فضل الرحمان اور دیگر مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ اسلم غوری نے کہاکہ جمعیت علماء اسلام پنجاب کے زیراہتمام ستمبر ،اکتوبر اور نومبر 2026 میں بڑے اجتماعات کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔ان اجتماعات سے مولانا فضل الرحمن اور مرکزی وصوبائی قائدین خطاب کریں گے۔ ترجمان کے مطابق مرکزی مجلس عاملہ نے قصور میں ہونے والے عظیم الشان تحفظ مدارس دینیہ و عوامی حقوق کانفرنس میں مولانا فضل الرحمن کی تقریر اور بیانیے کی مکمل حمایت کی۔ اسلم غوری نے کہاکہ مارچ 2027 میں جمعیت علماء اسلام پاکستان کی سر پرستی اور نگرانی میں صوبہ سندھ کی جمعیت کے زیر اہتمام امن عالم کانفرنس سکھر کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اس اجتماع میں لاکھوں کی تعداد میں عوام شریک ہونگے جبکہ پاکستان سمیت عالم اسلام کے ممتاز اسلامی اسکالرز و دیگر زعماء شریک ہونگے۔




