فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) سماجی و سیاسی شخصیت چوہدری حسام علی وڑائچ نے کہا ہے کہ پٹرولیم کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے نے عوام کا کچومر نکال دیا ہے ۔ ہر شعبے میں مہنگائی اور بے روزگاری کی نئی لہر نے عوام کا جینا محال کر دیا ہے ۔ مہنگائی کا نیا طوفان غریب اور سفید پوش افراد کو تیزی سے نگل جائیگا ۔ اگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں وا پس نہ لائی گئیں اور مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو اس کے سنگین نتائج سامنے آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی منصوبہ بندی میں شدید کمزور نظر آرہی ہے جس کے نتیجے میں کاشتکار ‘ ٹرانسپورٹر اور چھوٹے کاروباری طبقے مزید مشکلات کا شکار ہونگے ۔حکومت کو اپنے پروٹول اور غیر ضروری اخراجات کم کرکے وسائل عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے چائیں ۔ پاکستان پہلے ہی مہنگائی’ بے روزگاری اور بنیادی سہولیات کی شدید کمی کا شکار ہے۔ روز مرہ استعمال کی بجلی اور گیس کے بل عوام کی قوت سے باہر ہو چکے ہیں ۔ حالیہ گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ نے عوام کو مزید پریشانیوں میں مبتلا کر دیا ہے ۔




