ساہیوال کے تندور مالکان روٹی کے من مانے نرخ وصول کرنے لگے

ساہیوال (بیوروچیف)ساہیوال شہر میں تندور مالکان کی جانب سے روٹی کی فروخت میں مبینہ من مانی کا سلسلہ جاری ہے، جہاں بیشتر تندوروں پر 100 گرام سے کم وزن کی روٹی 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ شہریوں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کے مطابق حکومتی نرخ اور مقررہ وزن پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث تندور مالکان اپنی مرضی سے کم وزن روٹی فروخت کر رہے ہیں، جس سے عوام کو روزانہ مالی نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں روٹی جیسے بنیادی غذائی آئٹم میں بھی کمی اور زائد قیمت وصول کرنا غریب اور متوسط طبقے کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ کئی تندوروں پر فروخت کی جانے والی روٹی کا وزن 100 گرام سے بھی کم ہے، تاہم اس کے باوجود صارفین سے 20 روپے فی روٹی وصول کئے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے الزام عائد کیا کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے موثر چیکنگ نہ ہونے کے باعث تندور مالکان بلا خوف و خطر سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ شہریوں، سماجی تنظیمو ں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے ڈپٹی کمشنرساہیوال اسسٹنٹ کمشنر اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر کے تندوروں کی ہنگامی بنیادوں پر انسپکشن کی جائے، روٹی کے وزن اور قیمت کی جانچ پڑتال کی جائے اور مقررہ وزن سے کم روٹی فروخت کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں