شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں

ساہیوال (بیوروچیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے مون سون بارش کے دوران شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارش کے دوران نکاسی آب میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا کے ہمراہ صدر بازار، ہائی اسٹریٹ، لیاقت چوک، گول چکر اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور فیلڈ میں موجود عملے کو ہدایات جاری کیں۔کمشنر نے کہا کہ بارش کا پانی فوری طور پر نکالا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے اور شہریوں کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق مونسون کے دوران عوامی سہولت اور تحفظ اولین ترجیح ہے اور تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے ادا کریں۔انہوں نے منیجنگ ڈائریکٹر واسا کو ہدایت کی کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز، آپریشنل ٹیمیں اور مشینری مکمل طور پر فعال رکھی جائے جبکہ افسران خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب کے عمل کی نگرانی کریں۔ ڈاکٹر آصف طفیل نے نشیبی علاقوں پر خصوصی توجہ دینے اور جہاں بھی پانی جمع ہو وہاں فوری کارروائی کرتے ہوئے بروقت نکاسی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔کمشنر ساہیوال نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران واسا کی تمام ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں ۔اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری برقرار رکھی جائے تاکہ بارشوں کے دوران شہریوں کے معمولاتِ زندگی متاثر نہ ہوں اور انہیں بہترین بلاتعطل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں