تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چوبیس گھنٹے مکمل طور پر فعال رکھا جائے

کمالیہ(نامہ نگار)ممکنہ مون سون بارشوں کے پیش نظر شہریوں کو بارش کے دوران درپیش مشکلات سے محفوظ رکھنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر کمالیہ ارم شہزادی نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا کے ہمراہ شہر کے مختلف ڈسپوزل اسٹیشنز کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ڈسپوزل پمپس، جنریٹرز، مشینری اور دیگر ضروری آلات کی فعالیت کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے نکاسی آب کے نظام، عملے کی دستیابی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں مون سون ایمرجنسی پلان اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی تیاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔ارم شہزادی نے متعلقہ عملے کو ہدایت جاری کی کہ تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کو چوبیس گھنٹے مکمل طور پر فعال رکھا جائے اور تمام مشینری ہر وقت آپریشنل حالت میں موجود ہو تاکہ بارش شروع ہوتے ہی نکاسی آب کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا سکے اور شہری علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال پیدا نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو بارشوں کے دوران ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے متحرک ہے ۔ تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، ہنگامی صورتحال میں فوری اور مثر کارروائی کو یقینی بنائیں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کریں۔چیف آفیسر میونسپل کمیٹی علی رضا نے اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کو یقین دہانی کرائی کہ میونسپل کمیٹی کا عملہ، مشینری اور تمام وسائل مکمل طور پر تیار ہیں۔ مون سون بارشوں کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مثر رکھنے کے لیے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز پر عملہ چوبیس گھنٹے موجود رہے گا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جائے گا۔ دورے کے اختتام پر اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے پیش نظر فرائض میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں