لاہور (بیوروچیف) صوبہ بھر میں خونی ٹریفک حادثات کی بڑی وجوہات میں ناتجربہ کار اور بغیر لائسنس ڈرائیورز کا کردار سامنے آ گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک وقا ص نذیر نے ناتجربہ کار ڈرائیورز اور حادثات میں ملوث افراد کیخلاف سخت کارروائیوں کا حکم دے دیا ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق صوبے میں ہونیوالے 86فیصد ٹریفک حادثات میں ایسے ڈرائیورز ملوث پائے گئے جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس موجود نہیں تھا، جبکہ 14 فیصد حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے پاس درست لائسنس موجود تھے۔ بیشتر ڈرائیورز کمرشل گاڑی چلانے کے لیے مطلوبہ کمرشل لائسنس کے بغیر ہی سڑکوں پر گاڑیاں چلا رہے ہیں۔وقاص نذیر نے بتایا کہ ہر ٹریفک حادثے کی مکمل تفصیلات، شواہد اور ملوث ڈرائیورز کا ریکارڈ باقاعدگی سے جمع کیا جاتا ہے تاکہ حادثات کی وجوہات کا تعین کرنے کے ساتھ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ حادثات میں ملوث لائسنس ہولڈرز کے ڈرائیونگ لائسنس معطل کیے جا رہے ہیں جبکہ ذمہ دار ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا کہ شہریوں کو ہر کیٹیگری کے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے گاڑی چلائیں۔ کم عمر بچوں کو موٹر سائیکل چلانے کے پرمٹ کے حوالے سے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے متعلقہ افسران کو خونی ٹریفک حادثات میں ملوث ناتجربہ کار اور غیر لائسنس یافتہ ڈرائیورز کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے۔




