فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) کمشنر فیصل آباد عمران حامد شیخ نے انسانی جانوں کے تحفظ کے پیش نظر اہم فیصلہ کیا ہے جس کے تحت فیصل آباد ڈویژ ن میں ایلومینیم فاسفائیڈ (گندم کی گولیوں)کی غیر منظم خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے اس ضمن میں باقاعدہ حکمنامہ جاری کردیا گیا ۔ کمشنر فیصل آباد نے بتایا کہ گندم میں رکھنے والی گولی انتہائی زہریلا کیڑے مار زہر ہے جس کی خرید وفروخت انسانی جانوں کے لئے سنگین خطرہ ہے۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے ماہرین کی تحقیق کے مطابق ذہنی طور پر پریشان نوجوان خودکشی کیلئے یہ گولی میڈیکل سٹورز، دکانوں،کریانہ سٹورز سے خرید رہے ہیں جسے نگلنے کے بعد عام طور پر2 سے 3 گھنٹے کے اندر موت واقع ہو جاتی ہے چونکہ اس کا کوئی اینٹی ڈوٹAntidote موجود نہیں ہے لہذا اموات کی شرح تقریبا100فیصد ہے۔اسی تناظر میں گندم کی گولی کی فروخت،خریداری،ذخیرہ اور تقسیم کو ریگولیٹ اور مانیٹر کرنا ضروری ہے تاکہ خریداروں کی شناخت ممکن اور اس کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔ حکمنامہ کے تحت پنجاب سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 15 کے تحت عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کی غرض سے کوئی بھی شخص، فرم،ڈیلر، ڈسٹری بیوٹر،کیڑے مار ادویات فروش یا آٹ لیٹ ایلومینیم فاسفائیڈ (گندم کی گولیاں) مکمل فروخت ریکارڈ/رجسٹر رکھے بغیر فروخت نہیں کر سکے گا،دکاندار خریدار کا نام،شناختی کارڈ نمبر،مکمل پتہ،رابطہ نمبر، خریدی گئی مقدار، فروخت کی تاریخ اور استعمال کا مقصد ریکارڈ کرے گا جس کے بعد ہی فروخت کرے گا۔ تمام لائسنس یافتہ ڈیلرز اور دکاندار اپنا فروخت ریکارڈ ضلعی انتظامیہ،محکمہ زراعت، پولیس یا کسی دوسرے مجاز آفیسر کے معائنہ کے لئے دستیاب رکھیں گے۔کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں ایلومینیم فاسفائیڈ کے تمام آٹ لیٹس کا باقاعدہ معائنہ اور نگرانی یقینی بنائیں،حکمنامہ کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی ہوگی۔ضلعی انتظامیہ، محکمہ زراعت، ڈرگ کنٹرول ونگ اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس حکم پر موثر عمل درآمد اور نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے باہمی رابطہ رکھیں۔حکمنامہ کا اطلاق فوری طور پر نافذالعمل اور تاحکم ثانی برقرار رہے گا۔




