فیصل آباد(سٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے مشیربرائے مصنوعی ذہانت اینڈ سپیشل اینیشی ایٹو علی مصطفی ڈار نے فیصل آباد ایکسپو کو صنعتی، تجارتی ، کاروباری اور برآمدی شعبوں کو نئی اور وسیع تر پہچان دینے کیلئے مثبت اور بروقت کوشش قرار دیا ہے۔ وہ لاہور ایکسپو سنٹر میں لگائی جانے والی تین روزہ فیصل آباد ایکسپو کا افتتاح کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس نمائش میں فیصل آباد کو ٹیکسٹائل سٹی کے علاوہ ہمہ جہتی صنعتی شہر کے طور پر اجاگر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد نے ٹیکسٹائل شعبہ میں اپنی مہارت کا لوہا منوایا جبکہ اب یہاں فوڈ، آٹو، موبائیل، بیوریج، سٹیل اور کئی دوسری صنعتوں نے اپنے پیر جما لیے ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کو اس ایکسپو کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ حکومت ٹیکسٹائل کے علاوہ دیگر مصنوعات کی برآمدکرانے والوں کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے فیصل آباد چیمبر کے صدر فاروق یوسف شیخ کی طرف سے فیصل آباد میں الگ ایکسپو سنٹر کے قیام کے مطالبہ کی بھی حمایت کی اور کہا کہ اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے فیڈمک میں ابتدائی طور پر 50۔ ایکڑ زمین مختص کر دی ہے اور اب ہم اس کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے بھی اس معاملے کو اٹھائیں گے۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا کہ فیصل آباد قومی جی ڈی پی میں 20 فیصد کا گرانقدر حصہ ڈال رہا ہے۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل کی مجموعی برآمدات میں فیصل آباد کا حصہ 45 فیصد ہے جبکہ دیگر برآمدی صنعتیں بھی تیزی سے ترقی کر رہی ہیں مگر چیمبر کی بھر پور کوششوں کے باوجود ابھی تک یہ شہر ایکسپو سنٹر سے محروم ہے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی طرف سے ایکسپو سنٹر کیلئے جگہ مختص کرنے پر محترمہ مریم نواز کا شکریہ ادا کیا اور مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ کو اس کی تعمیر کیلئے وفاقی حکومت سے فنڈ جاری کرنے پر بھی بات چیت کرنی چاہیے۔ اس موقع پر فیصل آباد چیمبر کے سینئر نائب صدر نوید اکرم شیخ اور نائب صدر انجینئر عاصم منیر کے علاوہ چیمبر کے ایگزیکٹو ممبر، لاہور اور فیصل آباد کی بزنس کیمونٹی اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ بعد میں دن بھر اہم سفارتی شخصیتوں کے علاوہ تاجر راہنمائوں ایس ایم تنویر، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے نائب صدر ذکی اعجاز، جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار احمد، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رائوف اعظم اور جی سی وومن یونیورسٹی فیصل آباد کی وائس چانسلر ڈاکٹر کنول امین بھی موجود تھیں۔




