اسلام مکمل ضابطہ حیات،معاشرتی زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتاہے

مانچسٹر ( مانیٹرنگ ڈیسک) چیئر مین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے سٹی جامع مسجد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں اتحادِ امت وقت کی سب سے بڑی ضرورت۔اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے جو انسان کی انفرادی، اجتماعی، اخلاقی اور معاشرتی زندگی کے ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں اتحاد، اخوت، محبت اور باہمی احترام کو مرکزی حیثیت حا صل ہے۔ آج کے دور میں جب امتِ مسلمہ اندرونی اختلافات اور بیرونی چیلنجز سے دوچار ہے، اتحادِ امت پہلے سے کہیں زیادہ اہم اور ناگزیر ہو چکا ہے۔ اگر مسلمان باہمی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر قرآن و سنت کی تعلیمات کے مطابق متحد ہو جائیں تو وہ نہ صرف اپنی کھوئی ہوئی عزت و وقار دوبارہ حاصل کر سکتے ہیں بلکہ دنیا میں امن، عدل اور خیر کا مؤثر پیغام بھی عام کر سکتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے قرآنِ کریم میں واضح ارشاد فرمایا:کہ ”سب مل کر اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لو اور تفرقے میں نہ پڑو۔یہ آیت مسلمانوں کو اتحاد، اتفاق اور باہمی اخوت کی دعوت دیتی ہے۔ اسی طرح نبی کریم ۖ نے فرمایا کہ مومن آپس میں ایک جسم کی مانند ہیں۔،اگر جسم کے ایک حصے کو تکلیف پہنچے تو پورا جسم اس کا درد محسوس کرتا ہے۔ یہی تعلیم امت کے اجتماعی شعور اور اتحاد کی بنیاد ہے۔آج امتِ مسلمہ کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان میں فرقہ واریت، لسانی اور نسلی تعصب، گروہی اختلافات اور باہمی نفرت نمایاں ہیں۔ یہ اختلافات دشمنوں کو فائدہ پہنچاتے ہیں اور مسلمانوں کی اجتماعی قوت کو کمزور کرتے ہیںآج دنیا کے مختلف خطوں میں مسلمانوں کو جن مشکلات کا سامنا ہے، وہ اس بات کی متقاضی ہیں کہ امتِ مسلمہ ذاتی، جماعتی اور مسلکی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کا سہارا بنے۔ اتحاد ہی وہ طاقت ہے جو امت کو عزت، سلامتی، استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے گھروں، مساجد، مدارس، تعلیمی اداروں اور معاشرے میں اخوت، برداشت، حسنِ اخلاق اور باہمی احترام کو فروغ دیں، اختلافات کو نفرت کا سبب بنانے کے بجائے خیرخواہی اور خیر کے جذبے سے حل کریں، اور امت کی وحدت کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں