فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل (PVTC)کے زیر اہتمام، فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تعاون اور یورپی یونین و GIZکی سرپرستی میں “ہنر روزگار میلہ” نجی ہوٹل فیصل آباد میں منعقد ہوا۔اس روزگار میلے میں فیصل آباد ڈویژن کے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹس سے فارغ التحصیل تقریبا 500خواتین نے شرکت کی، جبکہ فیصل آباد کی معروف صنعتوں اور اداروں سے 36 سے زائد آجر (Employers) بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر خواتین کو روزگار کے مواقع حاصل کرنے، مختلف اداروں کے نمائندگان سے براہِ راست ملاقات اور کیریئر کے حوالے سے رہنمائی حاصل کرنے کا بہترین موقع فراہم کیا گیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی چیئرمین پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل، خالد مسعود چوہدری تھے۔ اس موقع پر صدر فیصل آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)سمیت فیصل آباد کی صنعتوں اور کاروباری برادری کی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت کی۔شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین PVTC نے کہا کہ خواتین کو ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ایسے روزگار میلوں کے ذریعے تربیت یافتہ نوجوانوں کو صنعت سے جوڑ کر انہیں عملی روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔




