نجی تعلیمی اداروں میں فیس وصولی کے قوائط وضوابط نہ ہونے کا انکشاف

لاہور (بیوروچیف) پرائیویٹ تعلیمی ادارے کس قانون کے تحت فیس وصول کرتے ہیں ؟ پنجاب میں تعلیمی اداروں کی فیس وصولی کے تعین سے متعلق قواعد وضوابط ناہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔پنجاب اسمبلی کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے سکول ایجوکیشن میں محکمہ نے اعتراف کیاہے کہ پنجاب میں پرائیویٹ سکولز کی فیس مقرر کرنے کا کوئی ریگولیٹری سسٹم سرے سے موجود ہی نہیں ہے،محکمہ سکول ایجوکیشن کے مطابق محکمہ فیس کا تعین نہیں کرسکتا،صرف سالانہ اضافے کے رولز موجود ہیں، قانون کے مطابق پرائیویٹ سکولز فیس میں سالانہ 4،5 فیصد سے زیادہ اضافہ نہیں کر سکتے ۔چیئرمین قائمہ کمیٹی کے مطابق گزشتہ اجلاس میں مختلف موقف اپنایا گیا تھا جس پرمحکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے بتایا گیا کہ قانون کے مطابق ہمارے پاس صرف فیس میں اضافہ کنٹرول کرنے کا اختیار ہے۔رکن کمیٹی نے کہاکہ رجسٹریشن کا اختیار ہے تو خلاف ورزی پر کارروائی کیوں نہیں؟ ایسے تو ممکن نہیں کہ کوئی کہیں بھی کرسی ٹیبل لگا کر سکول کھول لے،محکمہ سکول ایجوکیشن اگر سکول کھولنے کی اجازت دے سکتا ہے تو چیک اینڈ بیلنس بھی رکھ سکتا ہے۔رکن کمیٹی کے مطابق پرائیویٹ سکولز ہزاروں لاکھوں فیس لیتے ہیں، کسی غریب کا بچہ تو وہاں داخلہ نہیں لے سکتا۔،قواعد نہ ماننے والے سکولوں کی رجسٹریشن منسوخ کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں