لاہور (بیوروچیف) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر مون سون بارشوں کے دوران واسا ڈسٹرکٹس میں نکاسی آب کے آپریشن کو مزید مثر بنانے کے لیے جدید مشینری اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے کام میں تیزی لائی گئی ہے۔حکام کے مطابق صوبے بھر میں ایک ہزار سے زائد مشینیں اور ہزارو ں واسا ورکرز فیلڈ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ بارشی پانی کے جمع ہونے کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کے لیے 300جدید کیمروں کو پنجا ب سیف سٹی اتھارٹی سے منسلک کیا گیا ہے، جہاں اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے کھڑے بارشی پانی کی برو قت نشاندہی کی جا رہی ہے۔انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122اور واسا کے درمیان مثر اشتراک کار کے باعث لاہور سمیت دیگر شہروں کے انڈر پاسز میں 24گھنٹے نگرانی جاری ہے، جبکہ وزیراعلی پنجا ب کی ہدایت پر واسا ڈسٹرکٹس کے فیلڈ آپریشن بلا تعطل جاری رکھے گئے ہیں۔حکام کے مطابق سینکڑوں گھنٹوں پر مشتمل آپریشنز کے دوران واسا ٹیمیں مسلسل عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اب تک 400کلومیٹر سیوریج لائن، 700کلومیٹر سے زائد ڈرینز اور سوا دو لاکھ مین ہولز کی صفائی مکمل کی جا چکی ہے۔نئے واسا ڈسٹرکٹس کو ڈی واٹرنگ سیٹس، سکر مشینیں، سیور جیٹنگ مشینیں، ویل ایکسکیویٹرز اور سیوریج ڈی سلٹنگ مشینیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔ تاکہ بارش کے دوران نکاسی آب کے عمل کو مزید موثر بنایا جا سکے۔مزید برآں، مرکزی ڈیش بورڈ قائم کر دیا گیا ہے جبکہ 134 رین گیجز کے ذریعے بارشوں کا ڈیٹا مسلسل مرتب کیا جا رہا ہے۔ واسا ورکرز جدید آلات کے ساتھ ہر وقت فیلڈ میں موجود ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہر شہر میں مون سون ایمرجنسی ریلیف کیمپس بھی قائم کیے گئے ہیں، جبکہ گجرات، سیالکوٹ، لاہور اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں شہریوں نے نکاسی آب کے تیز رفتار اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہفتوں پر محیط کام اب چند گھنٹوں میں مکمل ہوتے دیکھے جا رہے ہیں۔




