ٹرانسپورٹ کمپنی کی ایئر لائن کے شعبے میں قدم رکھنے کی تیاریاں

لاہور( بیورو چیف)پاکستان کی معروف نجی ٹرانسپورٹ کمپنی نے ایئر لائن کے شعبے میں قدم رکھنے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں،کمپنی نے مجوزہ ایئر لائن کے نام پر مشاورت کا عمل بھی شروع کر دیا ہے جبکہ سول ایوی ایشن سے متعلق ابتدائی ورکنگ اور لیز پر طیاروں کے حصول کے حوالے سے ابتدائی منصوبہ بندی مکمل کر لی گئی ہے۔ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او اعظم خان نیازی کے مطابق ملکی اور بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ ہے جس کے لیے ایسا آپریشنل ماڈل تیار کیا جا رہا ہے کہ طیارے مختصر دورانیے کی پروازیں مکمل کر کے اسی روز واپس آ سکیں تاکہ آپریشنل اخراجات کو موثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے اور مسافروں کو مناسب کرایوں پر سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔اعظم خان نیاز ی کے مطابق کمپنی مرحلہ وار اپنے فضائی آپریشن کو وسعت دے گی اور کم کرایوں کے ذریعے عوام کو معیاری سفری سہولت فراہم کرنا اس کی اولین ترجیح ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ منصوبے پر تفصیلی فنانشل اور آپریشنل ورکنگ مکمل کر لی گئی ہے، جسکی بنیاد پر ایئر لائن کے کامیاب آغاز کے لیے مختلف پہلوئوں کا جائزہ لیا۔ جا چکا ہے۔ایئر لائن کا نام ،باقاعدہ آغاز، اور پروازوں کے شیڈول سے متعلق حتمی اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں