لاہور(بیورو چیف)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر)علی اعجاز نے کہا ہے کہ دریائے راوی میں اس وقت پانی کا بہائو معمول کے مطابق اور سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ڈپٹی کمشنر لاہور کے مطابق دریائے راوی میں پانی کی سطح مسلسل کم ہو رہی ہے۔ انتظامیہ صورتحال پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔کیپٹن (ر)علی اعجاز نے کہا کہ ممکنہ صورتحال کے پیش نظر انخلا اور فلڈ ریلیف کیمپس کا پلان مرتب کرلیا گیا ہے، جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے شہر بھر میں 24کیمپس فعال کر دئیے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ فلڈ ریلیف کیمپس میں متعلقہ عملہ 24گھنٹے موجود رہتا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔




