اسلام آباد (بیوروچیف) الیکشن کمیشن نے ووٹر فہرستوں سے 14لاکھ 84ہزار سے زائد ووٹر کو خارج کر دیا، دو ماہ میں ملک بھر میں تقریبا 6 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز کم ہوئے۔الیکشن کمیشن نے 7 مئی سے 2جولائی تک کے دوران رجسٹرڈ ووٹرز کے اعداد وشمار جاری کر دیئے، ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد میں 5لاکھ 89ہزار 4سو 58 کی خالص کمی ریکارڈ کی گئی۔حکام کے مطابق رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 13کروڑ 71لاکھ سے کم ہو کر 13کروڑ 65لاکھ 74ہزار 399رہ گئی۔ ذرا ئع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 14لاکھ 84ہزار 382وفات پانے والے ووٹرز کو انتخابی فہرستوں سے خارج کیا گیا، ووٹرز فہرستوں میں 8لاکھ 94 ہزار 924نئے اہل ووٹرز شامل کئے گئے۔ ذرا ئع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں 4لاکھ 78 ہزار 909ووٹرز کی کمی ہوئی، سندھ میں 97ہزار 216ووٹرز کم ہوئے، جس میں 4لاکھ 50 ہزار مرد اور1لاکھ 38ہزارخواتین ووٹرز شامل ہیں۔الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی فہرستیں نادرا کے ڈیٹا کی بنیاد پر مسلسل اپ ڈیٹ ہوتی ہیں، قومی شناختی کارڈ سے منسلک ہونے کے باعث ڈپلیکیٹ ووٹرز کا امکان نہیں، انتخابی فہرستیں نادرا سے موصول ڈیٹا کی بنیاد پر سیکشن 25 کے تحت مسلسل اپ ڈیٹ کی جاتی ہیں۔




