سول ڈیفنس ٹیمیں ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) پنجاب سول ڈیفنس ریزیلنس کور کے رضاکاران کے ٹریننگ پروگرام کی افتتاحی تقریب اقبال ہال میونسپل کارپوریشن میںمنعقد ہوئی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)انور علی کانجو نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی جبکہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس فیصل آباد ریجن محمد مبشر ربانی،سول ڈیفنس آفیسر فیصل آباد رانا محمد عباس سمیت تنظیمی عہدیداران اورنئے رجسٹرڈ رضاکاران نے شرکت کی۔ سول ڈیفنس آفیسر نے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلنس کور کا قیام عوامی خدمت، ہنگامی حالات میں بروقت امداد اور معاشرے میں رضاکارانہ جذبے کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس نے اپنے خطاب میں سول ڈیفنس فیصل آباد کی نمایاں کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ رانا محمد عباس، سول ڈیفنس آفیسر کی قیادت اور سرپرستی میں جاری ترقی اور عوامی خدمت کے اس سفر کو آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ جاری رکھا جائے گا اوررضا کاروں کی باقاعدہ ٹریننگ اور پیشہ وارانہ تربیت پر خصوصی زور دیا تاکہ وہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔چیف وارڈن، سول ڈیفنس آرگنائزیشن شیخ محمد امجد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم کسی بھی ناگہانی صورتحال، ہنگامی آفت یا حادثے سے مثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لاتی رہے گی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) نے اپنے خطاب میں پنجاب سول ڈیفنس ریزیلنس کور کے قیام کو حکومت پنجاب کا ایک اہم اور بروقت اقدام قرار دیتے ہوئے رضاکاران کے جذبہ خدمت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور حادثات کے دوران تربیت یافتہ رضاکاران کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے پورٹل کے ذریعے نئے رضاکاران کو مبارکباد اور خوش آمدید کہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ عوام کی جان و مال کے تحفظ، ہنگامی امدادی سرگرمیوں اور معاشرتی خدمت میں فعال کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر شرکا کو پنجاب سول ڈیفنس ریزیلنس کور کے اغراض و مقاصد، رضاکاروں کی ذمہ داریوں، بنیادی تربیت اور ہنگامی حالات میں ان کے موثر کردار کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے پنجاب سول ڈیفنس ریزیلنس کور (PCDRC) کے رضاکاران میں محرم الحرام2026 میں اچھی کارکردگی پر تعریفی سرٹیفکیٹس اور نئے رجسٹر ہونے والے رضاکاران میں رجسٹریشن سرٹیفکیٹس تقسیم کئے اور ان کے روشن مستقبل کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں