لاہور(بیوروچیف) لاہور کے علاقے باغبانپورہ میںتین منزلہ خستہ حال مکان کی چھتیںگرنے سے 10افراد ملبے تلے دب گئے، 3بچوں سمیت 9افراد جاں بحق ہو گئے۔ریسکیو حکام کے مطابق سکھ نہر کے قریب بھٹہ محمد دین کالونی میں حادثے کا شکار ہونے والے گھر کی چھتیں مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھیں، جاں بحق ہونے والوں میں 50سالہ شاہدہ، 22 سالہ احد علی، 12سالہ 60 سالہ ثمینہ، 24 سالہ کومل ، 23 سالہ مجاہد، 7 سالہ نیلم اور 8 سالہ حماد شامل ہیں۔ریسکیو حکام کے مطابق امدادی کارروائی جاری ہے، ابھی مزید دو سے تین افراد ملبے دبے ہوئے ہیں، عمارت کی دیواریں بہت خستہ ہیں، کوشش ہے ملبے تلے پھنسے باقی افراد کو بحفاظت نکال لیا جائے۔پولیس کے مطابق واقعہ رات 10 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا ، 3 منزلہ مکان میں 3 خاندان رہائش پذیر تھے۔اس آپریشن میں ریسکیو کی 6 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 20 ریسکیورز موقع پر موجود ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے باغبانپورہ میں چھت گرنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈی سی لاہور اور دیگر انتظامی افسران موقع پر پہنچ گئے ، زخمیوں کے بہترین علاج کی ہدایت کی گئی۔واضح رہے کہ حالیہ بارشوں کے دوران لاہور کے دیگر علاقوں شالیمار روڈ، شاداب کالونی اور کاہنہ میں چھتیں گرنے کے متعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔




