اسلام آباد / مظفر آباد (بیورو چیف)آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا دوسرا مرحلہ دو اگست کو ہوگا جس میں مظفرآباد ڈویژن کے عام انتخابی حلقوںکے ساتھ مہاجرین کی 12نشستوں پر بھی پولنگ ہوگی۔ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں دارالحکومت مظفرآباد سمیت وادی نیلم، باغ اور مہاجرین جموں و ویلی کی 21 نشستوں پر سیاسی میدان سج گیا، 17لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 عام نشستیں اور جموں و ویلی مہاجرین کی 12 نشستیں شامل ہیں۔ نیلم کے دو حلقےLA-25نیلم و ن اور LA-26نیلم ٹو بھی دوسرے مرحلے میں ووٹ ڈالیں گے۔مظفرآباد ضلع کی 5نشستیں سیاسی معرکے کا سب سے بڑا میدان بنیں گی۔LA-27 مظفرآباد ون، LA-28 مظفرآباد ٹو، LA-29 مظفرآباد تھری، LA-30 مظفرآباد فور، LA-31 مظفرآباد فائیو۔ یہ وہ حلقے ہیں جہاں تمام بڑی سیاسی جماعتوں نے اپنی تمام تر توانائیاں جھونک دی ہیں اور ہر امیدوار فتح کے لیے پرامید دکھائی دیتا ہے۔جہلم ویلی کی دو نشستیںLA-32 اور LA-33 بھی انتخابی منظرنامے میں خصوصی اہمیت اختیار کر چکی ہیں ان حلقوں میں بھی امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔پاکستان میں مقیم مہاجرین بھی انتخابی مرحلے کا اہم حصہ ہوں گے۔ جموں مہاجرین کی چھ نشستیںLA-34سے LA-39اور ویلی مہاجرین کی چھ نشستیںLA-40سے LA-45بھی دو اگست کو پولنگ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گی۔ ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے میں مجموعی طور پر 25نشستوں پر ووٹنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات مکمل کر لئے ہیں۔




