حکومت کسانوں کو کھاد کی دستیابی اور آبپاشی کے نظام کو بہتر بنارہی ہے

ساہیوال (بیورو چیف) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے ان کے دفتر میں کسان اتحاد کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی صدر کیپٹن ریٹائرڈ محمد حسین ٹی جے، صوبائی سیکرٹری ملک یاسین، صدر نور شاہ محمد اکرم چوہان، جنرل سیکرٹری ضلع ساہیوال محمد انیس انور ، ضلعی صدر کسان اتحاد غلام مصطفیٰ سہو، ملک عمران، ضلعی صدر اوکاڑہ مہر جہانگیر فیض، نائب صدر پنجاب میاں اللہ نواز وٹو سمیت دیگر نمائندگا ن شامل تھے۔ ملاقات کے دوران کسانوں کو درپیش مختلف مسائل جن میں آلو کولڈ سٹور کے ریٹ میں کمی، آلو کے ریٹ، بجلی کے بلوں، جانوروں کی دیکھ بھال، آبپاشی کے مسائل، کھاد اور معیاری بیج کی بروقت فراہمی اور زرعی پیداوار میں حائل دیگر رکاوٹوں سے آگاہ کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے نمائندگان کے مسائل اور تجاویز کو تفصیل سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ کسانوں کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کے ساتھ مؤثر رابطہ قائم کرتے ہوئے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کسانوں کی فلاح و بہبود، زرعی ترقی، مویشیوں کی بہتری، معیاری بیج اور کھاد کی دستیابی اور آبپاشی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ کمشنر نے کہا کہ کسان ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، لہٰذا ان کے مسائل کا بروقت حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پانی کی فراہمی، کھاد اور بیج کی دستیابی، مویشیوں سے متعلق مسائل اور دیگر زرعی امور پر خصوصی توجہ دی جائے اور کسانوں کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں