فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) محکمہ لائیوسٹاک کے زیر اہتمام لائیوسٹاک کمپلیکس،سول ویٹرنری ہسپتال میں نئے قائم شدہ ایکس رے اور آپریشن تھیٹر کی سہولت پر پورٹیبل ویٹرنری ایکس رے مشین اور پیشنٹ مانیٹر کی تنصیب کے بعد ان کے موثر استعمال سے متعلق عملی تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔تربیتی سیشن میں فیصل آباد ڈویژن کے تمام اضلاع سے ویٹرنری افسران نے شرکت کی ۔ متعلقہ کمپنی کے ماسٹر ٹرینر نے شرکا کو جدید ایکس رے آلات کی تنصیب، مریض کی مانیٹرنگ، احتیاطی تدابیر اور معمول کی دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلی عملی تربیت فراہم کی۔تربیتی سیشن کی نگرانی ڈائریکٹر لائیوسٹاک حیدر علی خان نے ذاتی طور پر کی۔ ایڈیشنل ڈائریکٹرڈاکٹر روبینہ انجم اور ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر سہیل احمد انجم بھی موجود تھے۔ ڈائر یکٹر لائیوسٹاک نے اس موقع پر کہا کہ جدید تشخیصی سہولیا ت کی فراہمی اور ویٹرنری افسران کی عملی استعداد کار میں اضافہ محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید آلات کے استعمال سے بروقت اور معیاری تشخیص ممکن ہوگی جس سے مویشی پال حضرات کو بہتر ویٹرنری خدمات میسر آئیں گی اور شعبہ لائیوسٹاک مزید مستحکم ہوگا۔




