کمالیہ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی

کمالیہ(نامہ نگار)کمالیہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی جاری، ریسکیو و ریلیف آپریشن مزید موثر بنانے کا فیصلہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک کی زیرِ نگرانی کمالیہ میں دریائے راوی سے ملحقہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے فضائی نگرانی کا سلسلہ جاری ہے ۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق جدید ڈرون ٹیکنالوجی کی مدد سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی فضائی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ پانی کی سطح، متاثرہ مقامات اور ممکنہ نقصانات کا درست اندازہ لگایا جا سکے ۔ فضائی نگرانی سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو مزید تیز، منظم اور موثر بنایا جائے گا، جبکہ امدادی سرگرمیوں کو بھی زمینی حقائق کے مطابق بہتر انداز میں جاری رکھا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور متاثرین کو بروقت امداد کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات ہر وقت مکمل رکھے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں