کوئٹہ(بیورو چیف)سیکیورٹی فورسز نے بلوچستاں علاقے خاران میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کی دراندازی کی کوشش ناکام بنادی اور موثر ردعمل پر دہشت گرد فرار ہوگئے۔ذرائع کے مطابق بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی مسلسل اور موثر کارروائیوں کے باعث فتن الہندوستان کے دہشت گرد اب میدان میں کارروائیوں کے بجائے سوشل میڈیا پر گمراہ کن پروپیگنڈا کرنے تک محدود ہو چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ دہشت گرد مختلف علاقوں میں سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنا کر تصاویر اور ویڈیوز تیار کرتے ہیں۔، جنہیں بعد ازاں سوشل میڈیا پر پھیلا کر جھوٹا اور گمراہ کن بیانیہ تشکیل دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ اسی مقصد کے تحت فتن الہندوستان کے دہشت گردوں نے خاران میں دراندازی کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز کے بروقت اور موثر ردعمل کے باعث وہ اپنے عزائم میں ناکام ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ ایک واضح حقیقت ہے کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کی موجودگی یا ان کی آمد کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر راہ فرار اختیار کر لیتے ہیں۔ذرائع کے مطابق خاران میں دہشت گردوں کی حواس باختہ فائرنگ اور شیلنگ کے نتیجے میں معصوم بچوں سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ اپنے مذموم عزائم میں ناکامی کے بعد معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانا فتن الہندوستان کی شدید بوکھلاہٹ اور اخلاقی دیوالیہ پن کی عکاسی کرتا ہے اور سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے اور میدان میں مسلسل پسپائی دہشت گردوں کی واضح ناکامی کی علامت ہے۔




