اسلام آباد (بیورو چیف)پی ٹی اے نے غیرقانونی سمز کے استعمال اور غیرملکی سمز کی فروخت کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے رواں سال کے پہلے 7ماہ میں 18لاکھ 38ہزار 689سمز بلاک کر دیں۔پی ٹی اے کے مطابق جنوری سے اب تک 6لاکھ 91ہزار 102 غیرقانونی سمز بند کی گئیں، جبکہ فوت شدگان کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 9لاکھ 3ہزار 230سمز بھی بلاک کی گئیں۔پی ٹی اے کے مطابق بارہا وارننگ کے باوجود فوت شدگان کے شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز کے استعمال پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے ۔بیان کے مطابق منسوخ اور ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ 2لاکھ 44ہزار 357سمز بھی بند کر دی گئی ہیں۔بیان کے مطابق پی ٹی اے نے غیرملکی سمز کی غیرقانونی فروخت کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے 25چھاپوں کے دوران 8ہزار 51غیرملکی سمز برآمد کیں، جبکہ 37ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی اے نے کہا ہے کہ غیرقانونی سمز کے استعمال کی روک تھام اور ٹیلی کام نظام کو محفوظ بنانے کیلئے کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔




