واٹر سپلائی سروسز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت نیو سیٹلائٹ ٹائون سرگودھا میں آئوٹ سورسڈ واٹر سپلائی سروسز سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پانی کی فراہمی کے نظام، سروس ڈیلیوری، درپیش مسائل اور ان کے فوری حل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ھیڈ کوارٹر سرگودھا، منیجنگ ڈائریکٹر واسا، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سرگودھا اور Best Mensol (Pvt.) Ltd. کے نمائندگان سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ نیو سیٹلائٹ ٹاؤن کے مکینوں کو صاف، محفوظ اور بلا تعطل پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ سورسڈ واٹر سپلائی سروسز کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔اجلاس میں پانی کی سپلائی کے نظام، آپریشنل امور، صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے، مشینری کی فعالیت اور سروس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔ کمشنر نے متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مضبوط بنانے اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے۔شرکاء نے اجلاس کو آؤٹ سورسڈ واٹر سپلائی سروسز کی موجودہ صورتحال، درپیش چیلنجز اور مجوزہ بہتری کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا، جبکہ آئندہ کے لائحہ عمل پر اتفاق کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں