صنعت کار سموگ سے قبل کوتاہیوں پر قابو پائیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)محکمہ تحفظ ماحول صنعت دوست ادارہ ہے ہمارا مقصد ماحول کی حفاظت کیساتھ ساتھ صنعتی پہیہ کو بھی رواں دواں رکھنا ہے۔ یہ بات انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) پنجاب کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ظفر اقبال نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میںشہر کی سرکردہ صنعتی اور تاجر تنظیموں کے راہنمائوں کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے ماحولیاتی قوانین کی پابندی کے حوالے سے فیصل آباد کے لوگوں کے عمومی رویے کو سراہا اور کہا کہ وہ پہلے سے ہی اس پر کام کر رہے ہیں تاہم وہ اس تاثر کو زائل کرنا چاہتے ہیں کہ اُن کا محکمہ صنعتوں کے خلاف ہے۔ عالمی سطح پر گرین ہائوس گیسز کے اثرات میں پاکستان کے حصے کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سموگ اور سڑکوں پر اڑنے والی دھول سے ہم براہ راست متاثر ہوتے ہیں اس لئے ہم میں سے ہر شخص کو ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ پری سموگ ایکشن پلان ۔ 2026کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعتکاروں کو سموگ کے آنے سے قبل ہی اپنی کمی ، کوتاہیوں کو پورا کرلینا چاہیے۔ تاکہ سموگ کے دوران معمولات زندگی میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے ٹرالیوں سے مٹی گرنے کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر عثمان اظہر سے کہا کہ وہ مقامی ٹریکٹر ٹرالی ایسوسی ایشن کی مشاورت سے قابل عمل لائحہ عمل اختیار کریں اسی طرح دوسری صنعتوں کے معاملات کو بھی باہمی صلاح مشورے سے طے کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں