بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر کی آٹو موبائل اور بیٹری ساز کمپنیاں الیکٹرک گاڑیوں (EVs)کی نئی نسل کی بیٹریاں تیار کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں جن کا مقصد چارجنگ کا وقت کم کرنا، ڈرائیونگ رینج بڑھانا، سرد موسم میں بہتر کارکردگی فراہم کرنا، لاگت میں کمی لانا اور بیٹریو ں کو مزید محفوظ بنانا ہے۔دنیا کی سب سے بڑی ای وی بیٹری ساز کمپنی CATLنے حال ہی میں بیجنگ میں منعقدہ ایک ٹیکنالوجی ایونٹ کے دوران اپنی تیسری نسل کی Shenxingبیٹری متعارف کرائی جس کے بارے میں کمپنی کا دعوی ہے کہ یہ صرف ساڑھے 6منٹ سے بھی کم وقت میں 10فیصد سے 98فیصد تک چارج ہو سکتی ہے، کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ بیٹری 2026سے گاڑیوں میں استعمال ہونا شروع ہو جائے گی۔دوسری جانب چینی کمپنی BYDنے اپنی دوسری نسل کی Blade Batteryپیش کی ہے، جو کمپنی کے مطابق صرف 9منٹ میں 10فیصد سے 97فیصد تک چارج ہو سکتی ہے، نئی بیٹری میں توانائی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت، حفاظت، تیز چارجنگ اور کم لاگت کو بہتر بنانے کے لیے جدید Cell-to-Pack ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ رینج بڑھانے کی دوڑ میں بھی CATL پیش پیش ہے، کمپنی کی Qilin بیٹری جدید لیتھیم آئن ٹیکنالوجی پر مبنی ہے، جس کی توانائی کی گنجائش 255 واٹ آور فی کلوگرام تک بتائی جاتی ہے، اس بیٹری کی بدولت گاڑیاں ایک ہی سائز کی بیٹری کے ساتھ زیادہ فاصلہ طے کر سکتی ہیں یا کم حجم کی بیٹری سے بھی مطلوبہ رینج حاصل کی جا سکتی ہے۔




