لاہور (بیوروچیف) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے ایک ہزار ہائی سکولوں کو ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کی تجویز پر غور شروع کر دیا ہے۔منصوبے کے تحت میٹرک مکمل کرنے والے طلبا و طالبات کو اپنے ہی تعلیمی ادارے میں ایف اے اور ایف ایس سی کی تعلیم حاصل کرنے کی سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق ہائی سکولوں کی اپ گریڈیشن کے لیے صوبہ بھر سے تفصیلی ڈیٹا طلب کر لیا گیا ہے۔ اپ گریڈیشن کا فیصلہ سکول میں جگہ کی دستیابی، عمارت کی موزونیت اور دیگر بنیادی سہولیات کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ تمام ہائی سکولوں کے سربراہان سے اداروں سے متعلق مکمل رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔حکام کے مطابق تھرڈ پارٹی انسپیکشن کے بعد ہی کسی ہائی سکول کو ہائر سیکنڈری کا درجہ دیا جائیگا۔ پنجاب میں اس وقت 6ہزار ہائی سکول موجود ہیں، جن میں سے 4ہزار 800سکول اپنا ڈیٹا جمع کرا چکے ہیں، جبکہ 795 ہائی سکولوں نے مناسب جگہ دستیاب ہونیکی صور ت میں اپ گریڈیشن کی خواہش ظاہر کی ہے۔




