جائیکا وفد کی مریم نواز سے ملاقات،فیصل آباد میں واٹر سپلائی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ

لاہور(بیورورچیف)وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف سے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پنجاب میں جاری اور مستقبل کے ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔لاہور آ مد پر وزیراعلی مریم نواز شریف نے جائیکا کے وفد کا پرتپا ک خیرمقدم کیا۔ ملاقات کے دوران پنجاب میں جائیکا کے مختلف ترقیاتی منصوبوں، عوامی ترجیحی شعبوں میں اشتراک کار کے امکانات اور آئندہ مشترکہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصل آباد کے واٹر سپلائی منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ تعلیم، خواتین کو بااختیار بنانے اور انسانی وسائل کی ترقی سے متعلق منصوبوں میں تعاون مزید بڑھا نے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں جائیکا کے تعاون کو سراہتے ہوئے تعلیم کے فروغ، بالخصوص بچیوں اور پسماندہ علاقوں کے بچوں کو اسکولوں میں لانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب کی ترقی میں جائیکا کا اشتراک قابل قدر ہے اور ادارے نے مختلف شعبوں میں مثر ترقیاتی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جائیکا کی جانب سے موزوں روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔اس موقع پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر اکیہیکو تاناکا نے کہا کہ ادارہ پنجاب حکومت کے ساتھ انسانی وسائل کی ترقی، تعلیم، صحت اور دیگر ترجیحی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں