اولیائے کرام کی تعلیمات آج بھی امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہیں

فیصل آباد (سٹاف رپورٹر)جامعہ نعمان بن ثابت، سفیان ٹائون فیصل آباد میں حضرت داتا گنج بخش، امام اہلِ سنت امام احمد رضا خان بریلوی اور مجددِ الف ثانی حضرت شیخ احمد سرہندی کے عرس مبارک کے موقع پر ایک روح پرور اور باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں علما کرام، مشائخ عظام، طلبہ، عقیدت مندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے پیر سید تجمل حسین شاہ، مولانا محمد فیض رسول فیضی، علامہ پیر اشرف شاد، محمد مزمل قادری، مولانا عطا المصطفیٰ، مولانا محمد خالق مقصود،ڈاکٹر شہزاداور دیگر علماء کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخش، امام احمد رضا خان اور مجددِ الف ثانی نے دین اسلام کی سربلندی، عشقِ رسول ۖ کے فروغ، اصلاحِ عقائد اور امتِ مسلمہ کی فکری و روحانی رہنمائی میں ناقابلِ فراموش خدمات انجام دیں۔ ان اکابرین کی تعلیمات آج بھی امت مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔مقررین نے کہا کہ اولیائے کرام اور اکابرینِ دین کی زندگیاں اخلاص، تقوی، محبتِ رسول ۖ اور انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ ہیں۔ موجودہ دور میں نوجوان نسل کو ان بزرگوں کی تعلیمات سے روشناس کرانے کی اشد ضرورت ہے تاکہ معاشرے میں امن، رواداری ، اتحاد اور دینی اقدار کو فروغ دیا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فرقہ واریت، انتہا پسندی اور نفرت کے رجحانات کا مقابلہ صرف قرآن و سنت اور اکابرینِ اہلِ سنت کی معتدل تعلیمات پر عمل کرکے ہی کیا جا سکتا ہے۔ مقررین نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی زندگیوں کو سیرتِ نبوی ۖ اور اولیائے امت کے اسوہ کے مطابق ڈھالیں۔تقریب کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی، استحکامِ پاکستان، اتحادِ امتِ مسلمہ اور مقبوضہ کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ شرکائے تقریب کے لیے لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں