بجی ہاؤسنگ سکیموں کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری

لاہور (بیوروچیف) پنجاب حکومت نے نجی ہائوسنگ شعبے میں اصلاحات کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نجی ہائوسنگ سکیموں کے قواعد میں اہم ترامیم کی منظوری دے دی۔ حکومت نے پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم رولز 2021میں ترمیم کی منظوری دے دی، جبکہ پھاٹا افورڈیبل پرائیویٹ ہائوسنگ سکیم رولز 2020 میں بھی تبدیلیوں کی منظوری دی گئی ہے ۔حکومت کے مطابق ہائوسنگ اصلاحات کے تحت نجی ہائوسنگ سکیموں کا ریگولیٹری فریم ورک تبدیل کیا جائے گا اور نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری و نگرانی کا نظام نئے قواعد کے تحت چلایا جائے گا۔ترمیم شدہ قواعد کے ذریعے سستی رہائش کے منصوبوں کو فروغ دینے کے ساتھ ہائوسنگ سیکٹر میں شفافیت اور ریگولیٹری نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ نئی ہائوسنگ سکیموں کی منظوری اور نگرانی کے عمل کو بھی زیادہ موثر اور منظم بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔حکومت کے مطابق مجوزہ ترامیم پر عملدرآمد ہائوسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے کیا جائے گا، جس کا مقصد نجی ہائوسنگ شعبے میں بہتر نظم و نسق، شفافیت اور سستی رہائش کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں