مریم نواز شریف میڈیکل کالج کا قیام حکومت کا اہم اقدام ہے

سرگودھا (بیورو چیف) کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے ٹرانزیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع ہیڈکوارٹر ہسپتال میانوالی کو ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈ کرنے اور میانوالی میں مریم نواز شریف میڈیکل کالج کے قیام سے متعلق پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں پرا جیکٹ ڈپٹی کمشنر میانوالی/پراجیکٹ ڈائریکٹر، پرنسپل مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ، محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، ہیلتھ اینڈ پاپولیشن ڈیپارٹمنٹ کے متعلقہ افسران اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلا س کے دوران ادارے کے اثاثہ جات کی منتقلی، انتظامی و قانونی امور، افرادی قوت، تدریسی و طبی سہولیات کی فراہمی اور دیگر انتظامی معاملات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مریم نواز شریف میڈیکل کالج میانوالی کے پرنسپل اور پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی مکمل ہو چکی ہے، جبکہ اثاثہ جات کی منتقلی کا عمل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ میڈیکل کالج کے لیے 260 نشستوں پر مشتمل ایس این ای (Sanctioned New Expenditure) کی منظوری بھی ہو چکی ہے جبکہ متعلقہ آسامیوں کو مشتہر کر دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کو ٹیچنگ ہسپتال کے طور پر فعال کرنے اور میڈیکل کالج کے قیام سے متعلق دیگر انتظامی و عملی اقدامات بھی تیزی سے جاری ہیں۔کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ باقی ماندہ امور بھی مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کریں۔ اور میڈیکل کالج کے لیے منظور شدہ آسامیوں پر بھرتی کے عمل کو قواعد و ضوابط کے مطابق تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کی ٹیچنگ ہسپتال میں اپ گریڈیشن اور مریم نواز شریف میڈیکل کالج کا قیام حکومت پنجاب کا ایک اہم اقدام ہے، جس سے میانوالی اور گردونواح کے عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کے لیے طبی تعلیم کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔کمشنر نے ہدایت کی کہ منصوبے کے تمام مراحل میں معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے تاکہ میڈیکل کالج کو بروقت فعال کیا جا سکے اور اس کے ثمرات عوام تک جلد پہنچ سکیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں