فیصل آباد (سٹاف رپورٹر) واسا فیصل آباد میںجاپان کے تعاون سے اسمارٹ واٹر میٹر منصوبے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا جو پنجاب بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا اور واحد اسمارٹ واٹر میٹر منصوبہ ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں جائیکا ماہرین اور واسا افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ واسا فیصل آباد کے زیر انتظام شروع اس منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 8,400جدید اسمارٹ واٹر میٹر نصب کیے جائیں گے۔ اسمارٹ میٹرنگ سسٹم سے پانی کے استعمال کی ریموٹ مانیٹرنگ اور خودکار میٹر ریڈنگ ممکن ہوگی، اسی طرح جدید ٹیکنالوجی سے پانی کے ضیاع اور لیکیج کی بروقت نشاندہی ممکن ہوگی، اس کے ساتھ ساتھ منصوبہ کو واسا فیصل آباد کے موجودہ ڈیجیٹل نظام سے منسلک کیا جائے گا۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ اسمارٹ میٹرنگ سے شفاف بلنگ، بہتر ریونیو اور موثر آبی انتظام کو فروغ ملے گا جبکہ جدید نظام توانائی کے اخراجات میں کمی اور پانی کی منصفانہ تقسیم میں معاون ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واسا فیصل آباد شہریوں کو جدید، شفاف اور موثر آبی خدمات کی فراہمی کی جانب ایک اور اہم سنگِ میل عبور کر رہا ہے جس کے تحت جاپانی ماہرین اور واسا فیصل آباد کی مشترکہ کاوش سے اسمارٹ واٹر میٹر منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔




