لاہور (بیوروچیف) میانوالی سے لاہور آنے والی ماڑی انڈس ایکسپریس کی پاور وین میں خرابی کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ذرائع کے مطابق ٹرین کی پاور وین میں خرابی پیدا ہونے کے بعد آپریٹر کی جانب سے پاور وین بند کر دی گئی، جس کے نتیجے میں ٹرین کے متعدد ڈبوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوگئی۔پاور وین بند ہونے کے باعث ٹرین میں لائٹس، پنکھے اور ایئر کنڈیشننگ سسٹم بند ہوگیا، جبکہ اے سی بزنس کلاس میں سفر کرنے والے مسافروں کو بھی اندھیرے اور شدید گرمی میں سفر کرنا پڑا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ ٹرین میں بجلی کی سہولت متاثر ہونے سے انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ طویل سفر کے دوران لائٹس، پنکھے اور اے سی بند ہونے سے صورتحال مزید پریشان کن ہوگئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ریلوے سسٹم میں پاور وینوں کی شدید کمی کے باعث ایسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، جس سے مسافروں کو سفری سہولیات کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔مسافروں نے ریلوے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پاور وین کی خرابی کو فوری دور کیا جائے اور ٹرین میں بجلی، پنکھوں اور ایئر کنڈیشننگ کی سہولت بحال کی جائے۔




