ٹھیکری والہ (نامہ نگار) سدھار بائی پاس دمڑ فلور ملز کے قریب اتھرے ڈاکوئوں نے مزاحمت پر رکشہ ڈرائیور کو گولیاں مار کر قتل کر دیا’ ساندل پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی۔ بتایا جاتا ہے کہ افغان آباد کا رہائشی 21سالہ حسن ولد محمد طاہر اپنے لوڈر رکشہ پر جا رہا تھا جب وہ سدھار بائی پاس کے قریب دمڑ فلور ملز کے قریب پہنچا تو ڈاکوئوں کے مسلح گروہ نے رکشہ ڈرائیور حسن کو روک کر نقدی اور فون چھیننے کی کوشش کی تو مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر دی۔ گولی رکشہ ڈرائیور حسن کے سر میں لگنے سے بری طرح زخمی ہو گیا تو ڈاکوئوں کا گروہ موقع سے فرار ہو گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اور تھانہ ساندل بار پولیس موقع پر پہنچی تو رکشہ ڈرائیور حسن زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ تاہم پولیس نے نعش تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر کے قاتل ڈاکوئوں کی تلاش شروع کر دی ہے۔




