اسلام آباد (بیوروچیف) پیکٹا میں ڈائریکٹر کی آسامیوں کے لیے انٹرویوز کے انعقاد میں خدمات انجام دینے والے افسران اور ملازمین کے لیے معاوضوں کی منظوری دے دی گئی ہے۔ وزیر تعلیم، سیکرٹری سکولز ایجوکیشن، سی ای او پیکٹا اور انٹرویو کمیٹی کے ارکان سمیت دیگر عملے کو مختلف شرح سے ادائیگیاں کی جائیں گی۔منظور شدہ معاوضے کے مطابق صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کے لیے 80ہزار روپے جبکہ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن مدثر ریاض کے لیے ایک لاکھ 10ہزار روپے اعزازیہ مقرر کیا گیا ہے۔ سی ای او پیکٹا موسی علی بخاری کو سب سے زیادہ ایک لاکھ 40ہزار روپے معاوضہ دینے کی منظوری دی گئی۔انٹرویو کمیٹی کے ارکان معز نذیر، فاطمہ زہرہ اور قمر ساجد کے لیے بھی ایک لاکھ 40ہزار روپے فی کس معاوضہ منظور کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے رکن صمد یوسف کو 30 ہزار روپے جبکہ فسیلیٹیٹر شیخ ندیم کو 20 ہزار روپے ادا کیے جائیں گے۔




