لاہور( بیورو چیف)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے مسن کالر کے قریب ٹوٹے ہوئے پل اور متاثرہ ریلوے ٹریک کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر نے ریلوے ٹرالی پر متاثرہ سیکشن کا دورہ کیا اور پل و ٹریک کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔اس موقع پر وزیر ریلوے حنیف عباسی کو پل کے متاثرہ حصے اور ریلوے ٹریک کو پہنچنے والے نقصان، موجودہ صورتحال اور بحالی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پل کی بحالی کے لیے 20روز کے اندر فیزیبلٹی رپورٹ تیار کر کے پیش کی جائے جس میں تعمیراتی اور تکنیکی تقاضوں کا مکمل جائزہ شامل ہو۔انہوں نے کہا کہ فیزیبلٹی رپورٹ کی تکمیل کے بعد پل کی تعمیر اور متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کا عملی کام ریلوے انجینئرزمکمل کریں گے۔ پل اور ٹریک کی بحالی کا کام حفاظتی تقاضوں اور مقررہ معیار کے مطابق تیزی سے مکمل کیا جائے۔وفاقی وزیر حنیف عباسی نے کہا کہ آپریشن کی بحالی کے لیے ہر افسر اور ملازم کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔، جبکہ مسافروں کی سہولت اور ٹرینوں کی بحفاظت آمد و رفت اولین ترجیح ہے۔اس موقع پر سی ای او ریلوے حفیظ اللہ خان، اے جی ایم انفراسٹرکچر حماد حسن مرزا، ڈی ایس لاہور اور دیگر سینئر ریلوے افسران بھی وفاقی وزیر کے ہمراہ تھے۔پل ٹوٹنے کے باعث لاہور اور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہے۔




